بنگلورو، 8نومبر (ایس او نیوز؍عبدالحلیم منصور ) رشوت خوری کے خلاف اپنی جدوجہد کو جاری رکھتے ہوئے مرکز کی بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے حکومت 2018-19کے بجٹ میں عام آدمی کے مفاد میں اہم اعلانات کرے گی۔ مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل پرکاش جاوڈیکر نے اس بات کا اشارہ دیا۔انہو ں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ راست طور پر فائدہ پہنچانے کی اسکیم کو مزید تقویت آئندہ بجٹ میں ملے گی۔ ڈجیٹل طور پر معاملت جس کی مقبولیت زیادہ ہورہی ہے ' سے کرپشن کے خاتمہ میں مدد ملے گی ۔ انہوں نے کہا '' سابق وزیراعظم راجیو گاندھی یہ کہا کرتے تھے کہ جب دہلی سے میں دیہی استفادہ کنندگان کیلئے 100روپے بھیجتا ہوں تو اسے صرف 15روپے ہی حاصل ہوتے ہیں۔ یہ کانگریس کا دور تھا ۔ اب مودی جی 100روپے بھیجتے ہیں اور غریب کو اپنے بینک اکاونٹ میں 100روپے کی مکمل رقم حاصل ہوتی ہے ۔ جاوڈیکر نے کہا کہ ڈجیٹل معاملت متعارف کرنے کے بعد 46ہزار کروڑ روپے کی بے قاعدگیوں کا خاتمہ کیا گیا۔ یہ دعوی کرتے ہوئے کہ نوٹ بندی کامیاب رہی ہے جاوڈیکر نے کہا کہ کانگریس مودی حکومت کی روز بروز بڑھتی مقبولیت کو ہضم نہیں کرپارہی ہے اور بی جے پی کے انسداد یوم کالادھن کو یوم سیاہ کے طور پر منارہی ہے جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ کانگریس کالادھن کی بالواسطہ طور پر حمایتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے نہ صرف رشوت خوری کے خلاف لڑائی لڑنے نوٹ بندی متعارف کی بلکہ کالادھن کے خاتمہ کیلئے 4قوانین بے نامی معاملتوں کی روک تھام کا ترمیمی بل ' کالادھن کے انکشاف کیلئے بیرونی آمدنی اور اثاثہ جات ٹیکس ایکٹ 2005کا کالادھن کو روکنے کیلئے آغاز کیا۔ جاوڈیکر نے دعویٰ کیا کہ رشوت خوری کے خلاف جدوجہد کرنے مودی حکومت کے سخت اقدامات کے سلسلہ کے بعد غریب افراد جو کانگریس کے حمایتی تھے اب بی جے پی کی طرف آگئے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ بی جے پی نے کرپشن کے خلاف جدوجہد کی ہے ۔ اس نے سنگاپور،قبرص اورسنگاپور کی روٹ سے آنے والے کالے دھن کا پتہ چلایا۔